مینگلور 15/مئی (ایس او نیوز) مینگلور سمیت ساحلی کرناٹکا میں پانی کی شدید قلت اور شدت کی گرمی کو دیکھتے ہوئے آج بدھ صبح نہرو میدان میں بارش طلب کرنے کے لئے سینکڑوں مسلمان اللہ کے حضور ہاتھ باندھے کھڑے ہوگئے اور نماز استسقاء ادا کی۔
ساوتھ کینرا سلفی مومنٹ کی جانب سے منعقدہ اس خصوصی نماز کی امامت شیخ ثاقب سلیم عُمری نے کی جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی سینکڑوں کی تعداد میں حصہ لیا۔ مولانا شیخ عمری نے اس موقع پر بارش کے لئے دُعائیں کیں ساتھ ساتھ مسلمانوں کے ایمان پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہنے کے لئے طاقت اور استقامت عطا کرنے کے لئے بھی اللہ سے دُعا کی۔ مولانا نے اپنے خطاب میں پانی کی اہمیت اور اس کی قدرکرنے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے ناراض ہوتا ہے تو وہ بارش کو روک دیتا ہے، جب ہماری برائیاں اچھائیوں پر غالب آتی ہیں تو اللہ اپنے بندوں پر عذاب نازل کرتا ہے۔ مولانا نے اللہ سے تمام مسلمانوں کے لئے بخشش طلب کی۔
نماز کے موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی ویدیا کامتھ نے بھی نہرو میدان پہنچ کر مسلمانوں سے ملاقات کی اور بارش کے لئے نماز کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔